Advertisement

کھیل
time icon 08 مارچ ، 2023

پی ایس ایل: گلیڈی ایٹرز نے زلمی کا 241 رنز کا ہدف پورا کرکے نئی تاریخ رقم کر دی

جیسن رائے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، حفیظ نے بھی 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو پی ایس ایل
جیسن رائے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، حفیظ نے بھی 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو پی ایس ایل

ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 241 رنز کا ہدف عبور کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔

راوالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 162 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

صائم ایوب 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے 60 گیندوں پر اپنی پہلی پی ایس ایل سنچری اسکور کی اور وہ 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ روومین پاول 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز اسکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے واحد وکٹ ڈیوائن پروٹوریس کے حصے میں آئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 241 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور جیسن رائے نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کی پہلی گیند سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم مارٹن گپٹل 8 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ول سمیڈ بھی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جیسن رائے نے پشاور کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 44 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جبکہ وہ مجموعی طور پر 63 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ محمد حفیظ نے بھی 18 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور اس طرح کوئٹہ نے 241 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جو پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا عبور کیا جانے والا ہدف ہے۔  

یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے بڑا کامیاب ہدف 207 رنز تھا جو ملتان سلطانز نے 2022 میں لاہور قلندرز کے خلاف حاصل کیا تھا۔

Advertisement

@geonews_sport