Advertisement

کھیل
time icon 09 مارچ ، 2023

جیسن روئے نے پشاور زلمی کیخلاف ریکارڈ ساز اننگز کو اپنی پسندیدہ اننگز قرار دیدیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر جیسن روئے نے گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف اپنی ریکارڈ ساز اننگز کو اپنے کیریئر کی پسندیدہ اننگز قرار دے دیا۔

بدھ کو پی ایس ایل کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 241 رنز کا ہدف جیسن روئے کی برق رفتار اننگز کی بدولت عبور کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔

جیسن روئے نے پشاور کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 44 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جبکہ وہ مجموعی طور پر 63 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ 

اس اننگز کی بدولت  جیسن روئے نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکورر ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیسن روئے نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف کھیلی گئی اننگز میری اب تک کی بہترین اننگز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں شکست کا کوئی خوف نہیں تھا اور اسی چیز نے مجھے یہ شاندار اننگز کھیلنے میں مدد کی۔

جیسن روئے کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم تھا کہ ہمیں اچھے مارجن سے جیتنا ہے، 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسانی سے مطلب 13 ،14 اوور میں میچ جیتنا ناممکن تھا،اس لیے میں تمام خوف کو پسِ پشت ڈال کر میدان میں اترا۔ ہم سب کافی پرسکون تھے ، ہم نے اپنے کندھوں پر کسی قسم کا پریشر نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ اور کراؤڈ شاندار تھا، پچ جتنی بھی سازگار کیوں نہ ہو  200 رنز سے زیادہ ہدف حاصل کرنا اسپیشل  ہوتا ہے ۔

جیسن روئے نے اپنی اننگز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری اب تک  کی سب سے پسندیدہ اننگز میں سے ایک ہے کیوں کہ میں آخر تک کھڑا رہا،کافی بار ایسا ہوا کہ جب محدود اوورز کی کرکٹ میں، میں نے اوپننگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تو میں 100کے بعد آؤٹ ہوجاتا تھا جبکہ ٹیم کو پھر بھی جیت کے لیے 20 یا اس سے زائد رنز درکار ہوتے تھے، لیکن آج میں آخر تک کھیلتا رہا، یہ کسی بھی اوپنر کے لیے ایک شاندار احساس ہے ۔ 

واضح رہے کہ جیسن روئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سیزن 8 کے ابتدائی 5 میچ کھیلنے کے بعد اپنی نیشنل ڈیوٹی کیلئے بنگلادیش روانہ ہوگئے تھے جہاں انہوں نے بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میں سنچری بھی اسکور کی۔

انگلینڈ اور بنگلادیش کی سیریز کے بعد جیسن روئے نے کوئٹہ گلیڈی کو 9ویں میچ میں جوائن کیا۔

وہ بنگلادیش روانہ ہونے سے قبل 5 میچز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے، جب ان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو جیسن روئے کا کہنا تھا کہ اس وقت میں نے کچھ زیادہ ہی پریشر لے لیا تھا۔

انہوں نے ساتھ ہی پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی اننگز کی بھی تعریف کی جنہوں نے کوئٹہ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی تھی۔جیسن روئے نے کہا کہ بابر کو سنچری بناتے ہوئے دیکھنا ان کے لیے خاص تھا، بابر کو کھیلتا دیکھنا اچھا لگتا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport