Advertisement

کھیل
time icon 12 مارچ ، 2023

'پچز کیسی بھی ہوں، قلندرز کی بولنگ اتنی آسانی سے رنز نہیں دیتی اور نہ آسانی سے ہدف پورا کرنے دیتی ہے'

کوچز نے نیٹ پر مجھے ذہنی طور پر مضبوط بنایا اور بہت سپورٹ کیا، یہی وجہ ہے کہ مجھے اس کا بہت فائدہ ہوا: کامران غلام—فوٹو: اسکرین گریب
کوچز نے نیٹ پر مجھے ذہنی طور پر مضبوط بنایا اور بہت سپورٹ کیا، یہی وجہ ہے کہ مجھے اس کا بہت فائدہ ہوا: کامران غلام—فوٹو: اسکرین گریب

لاہور قلندرز کے بیٹر کامران غلام کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں پچز کی وجہ سے زیادہ رنز بن رہے ہیں جس سے بیٹرز کو فائدہ ہے اور فینز بھی انجوائے کر رہے ہیں۔

کامران غلام نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پی ایس ایل کے آغاز میں میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی لیکن میں نے محنت جاری رکھی اور جب دوبارہ موقع ملا تو اس سے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ کوچز نے نیٹ پر مجھے ذہنی طور پر مضبوط بنایا اور بہت سپورٹ کیا، یہی وجہ ہے کہ مجھے اس کا بہت فائدہ ہوا۔

پنڈی کی بچز کے حوالے سے کامران غلام نے کہا کہ اسٹیڈیم کی پچز ایسی ہیں کہ 230 ،240 آرام سے بن جاتے ہیں ، باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں، بیٹرز کا رنز بنانا اچھا ہے، فینز لطف اندوز ہوتے ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم اب ہوم گراؤنڈ پر ہوم کراؤڈ کے سامنے ایکشن میں ہو گی

 کامران غلام کا کہنا ہے کہ لاہور میں اپنے گھر کھیل کر خوشی ہوتی ہے، کراؤڈ کی بہت زیادہ سپورٹ ہوتی ہے جس کا فائدہ ہوتا ہے، گزشتہ برس بھی بہت کراؤڈ آیا تھا جس سے حوصلے بڑھتے ہیں اور ہم نے پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے کراؤڈ کے سامنے جیتی۔

کامران غلام کا ماننا ہے کہ لاہور قلندرز کو بولنگ کی وجہ سے دوسری ٹیموں پر برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان ورلڈ کلاس بولر ہیں، اس پی ایس ایل میں ہماری بولنگ سب سے ٹاپ پر ہے، اچھی بولنگ ہو تو اس سے بڑا فرق پڑتا ہے، پچز خواہ کیسی بھی ہوں، کیونکہ ہماری بولنگ اتنی آسانی سے اتنے رنز نہیں دیتی اور نہ ہدف آسانی سے پورا کرنے دیتی ہے۔

واضح رہے کہ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کا سامنا لاہور قلندرز سے شام 7 بجے ہوگا۔

Advertisement

@geonews_sport