13 جون ، 2016
وزیراعظم نواز شریف نے پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا اشتعال حملے پاک افغان تعلقات میں مدد گار نہیں ہوں گے۔توقع ہے کہ افغان حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے گی۔جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر بلا روک ٹوک آمد ورفت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ترجمان وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ جیسے واقعات دو طرفہ تعلقات متاثر کر سکتے ہیں۔
ترجمان وزیر اعظم آفس نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان کو سرحد کے قریب پاک فوج کے جوانوں کی سیکورٹی پر شدید تشویش ہے۔ بلا اشتعال حملے پاک افغان تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں، توقع ہے افغان حکومت واقعہ کی فوری تحقیقات کرے گی۔
ادھر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کی مؤثر مینجمنٹ پاکستان کی سیکورٹی کےلیے بہت اہم ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر واقعہ کا مناسب جواب دیا گیا۔ پاک افغان سرحد پر بلا روک ٹوک آمد ورفت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر حفاظتی اانتظامات پاکستان کی سلامتی کےلیے ناگزیر ہیں۔