06 جولائی ، 2016
وزیراعظم نوازشریف علاج کے بعد ہفتہ 9 جولائی کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔وزیراعظم کےاصرارپرڈاکٹرزنےانہیں ہوائی سفرکرنےکی اجازت دے دی ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف خصوصی طیارے کے ذریعےپاکستان پہنچیں گے،وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف،حمزہ شہباز،سلمان شہبازاور وزیراعظم کےاہلخانہ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف 22مئی کو علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے جہاں ہارلے اسٹریٹ اسپتال میں 31 مئی کوان کے دل کا آپریشن کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نواز شریف لگ بھگ ایک ہفتہ زیر علاج رہنے کے بعد 6جون کو اسپتال سے لندن میں واقع اپنے گھر منتقل ہوئے ، وزیراعظم کے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے اور ان کی واپسی سے متعلق مختلف چہ مگوئیاں بھی کی گئیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز ، سلمان شہباز اور وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ہمراہ ہوں گے، طیارے کی لاہورایئر پورٹ پر لینڈنگ کاامکان ہے ،
وزیراعظم کی وطن واپسی بس اب ہونے کو ہے لیکن وطن واپسی پرپاناما لیکس کی تحقیقات کا معاملہ ،الیکشن کمیشن میں نااہلی کے تین ریفرنسز ،ممبران الیکشن کمیشن کا انتخاب، آزاد کشمیر کے انتخابات اور کراچی آپریشن سمیت دیگر انتہائی سنجیدہ مسائل ان کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کو واپس آتے ہی ان چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہوگا ورنہ ان کا سامنا کرنا بہت زیادہ دشوار ہوسکتا ہے۔