09 ستمبر ، 2016
سبحان احمد...مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آمنےسامنے آگئے، قومی اسمبلی کے بعد اب باہر بھی ایک دوسرے پر وار کررہے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کریں گے،سو فیصد کریں گے،کسی کے گھرنہیں جائیں گے،پولیس کے ذریعے روکا گیا تو سڑکیں بند کردیں گے۔
رائیونڈ مارچ اور عمران خان کے خلاف ریفرنس سے متعلق تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس بنی گالہ اسلام آباد میںہوا ، اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بتایا کہ فیصلہ ہو گیا ہے، محرم الحرام سے پہلے رائیونڈ ضرور جائیں گے، دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ طے ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی اور پارٹی ساتھ دے یا نہ دے، پی ٹی آئی مارچ ضرور کرے گی، جلسہ بھی ہو گا،کب تک رکنا ہے اور اگلا لائحہ عمل کیا ہو گا، یہ سب وہیں بتایا جائے گا،شریف برادران کے گھروں پر دھاوا نہیں بولیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ ٹانگیں توڑنے کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، جب سارے راستے بند کر دیے جائیں گے تو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سب ہی بے بس ہیں اور کام نہیں کر رہے، وزیراعظم خود ہدایت کرتے ہیں کہ کسی کمیٹی میں پاناما پر بات نہیں کرنی۔
عمران خان نے کہا کہ آج بھی ایک ہی سوال ہے کہ مشرف کی آمریت اور آج کی جمہوریت میں کیا فرق ہے، مسلم لیگ ن نے آمریت کی گود میں جنم لیا، اس لیے ان کی ہر پالیسی آمرانہ ہے۔