07 نومبر ، 2016
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں، دونوں نے اپنے گوشواروں میں یہ کمپنیاں چھپائیں، عمران خان نے 6کروڑ روپے مالیت کے فلیٹ کی خریداری بھی ظاہر نہیں کی،دونوں رہنماوں کونااہل قراردیاجائے '۔
سپریم کورٹ نےحنیف عباسی کی درخواست پرعمران خان اور جہانگیر ترین سے 15نومبر تک جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ ن کےرہنماحنیف عباسی کی درخواست پرسماعت کی جس میں مؤقف اختیارکیاگیاکہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے اپنے گوشواروں میں آف شور کمپنیاں چھپائیں، عمران خان نے 6 کروڑ روپے مالیت کے فلیٹ کی خریداری کو بھی ظاہر نہیں کیا،عدالت پی ٹی آئی کو غیرملکی فنڈز لینےوالی جماعت قرار دے کرعمران خان کو کسی بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعت کا عہدہ رکھنے سے روکے۔
حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی درخواست کو بھی پاناما کیس میں شامل کر دیا جائے، تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ جوابات آنے دیں، بعد میں دیکھیں گے۔
عدالت نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو نوٹسز جاری کردیے اور15 نومبرتک جواب طلب کرلیا۔