19 جنوری ، 2017
ہدیٰ اکرام...پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شریفوں نے پنجاب کے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے،تخت رائے ونڈ کا خاتمہ کرنا ہوگا، شریفوں سے حساب لینا ہوگا۔
لاہور سے حکومت مخالف ریلی لے کر فیصل آباد پہنچنے کے بعد خطاب کرتے ہوئےبلاول نے کہا کہ جس کی فوڈ اسکیم فیل ہوئی، سستی روٹی اسکیم فیل ہوئی، امن و امان فیل ہوا، اب اس کا دماغ بھی فیل ہوگیا ہے، اب وہ وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتا ہے۔
بالآخر پیپلزپارٹی سڑکوں پر آ ہی گئی، بلاول ہاؤس سے نکلنے سے پہلے بلاول کو جیالوں نے اپے حصار میں لے لیا، لیڈر کو امام ضامن باندھنے کے بعد وہی پرانے منظر اور رنگ ڈھنگ نظر آئے، پرجوش جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے لگائے۔
فیصل آباد جاتے ہوئے راستہ بھر استقبالی کیمپ آئے، پہلا پڑاؤ سگیاں تو اگلا شیخوپورہ،جہاں جہاں گزرے کارکن استقبال کیلئے موجود تھے،جیالوں کے لیڈر بھی جوش میں آ گئے جنہوں نے پنجاب کی پگ کو لگ گیا داغ کے نعرے لگائے اور جذباتی خطاب کیا۔
پیپلزپارٹی کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ حکمراں پاک ایران گیس منصوبے پر عمل کرتے تو ملک میں گیس بحران نہ رہتا، تخت رائے ونڈ والوں نے پنجاب کو یرغمال بنا رکھا ہے، عوام نے ساتھ دیا تو شریفوں کو بھگا کر دم لیں گے۔
بلاول نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ضیاء باقیات کو بھگانے تک نہ رکنے کے عزم کا اظہار کیا، مانانوالہ اور شاہ کوٹ میں بھی کارکنوں کا جم غفیر ان کا منتظر تھا، انہوں نے گاڑی سے باہرنکل کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا،حکومت کو لتاڑنے کے لیے لب کھولے مگر ساؤنڈ سسٹم دھوکا دے گیا ،جس کے باعث چیئرمین پی پی مجبوراً خطاب کیے بغیرفیصل آباد کو روانہ ہو گئے۔