پاکستان
29 جنوری ، 2017

میاں صاحب نے چوری سے پیسا خود بنایا، عمران خان

میاں صاحب نے چوری سے پیسا خود بنایا، عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے چوری سے پیسا تو خود بنایا، مگر ذلیل ہونے کے لیے بچوں کو آگے کردیا، سپریم کورٹ میں حکومت کے ساتھ اتنی بری ہورہی ہےکہ مریم بی بی اور میاں صاحب کے بچوں پر ترس آرہا ہے ۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گےلیکن نواز شریف کی کرپشن قبول نہیں کریں گے، جو قطری سپریم کورٹ میں خط دے رہا ہے، وہ ان کا بزنس پارٹنر ہے۔

ان کا کہناتھاکہ مائیں دعا کریں کہ وہ کرپشن کے بادشاہ کا احتساب کرسکیں اور کرپشن مافیا کو شکست دے سکیں ،سپریم کورٹ میں حکومت کا وہ حال ہورہا ہے کہ آئندہ کا وزیراعظم کرپشن کرنے سے پہلے سوچے گا، بڑے بڑے ریکارڈ ٹوٹتے دیکھے ہیں، لیکن جھوٹ کے اتنے ریکارڈ ٹوٹتے نہیں دیکھے جتنے شریف خاندان نے بولے ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ حکمرانو ں نے قطر سے ایل این جی کا مہنگا معاہدہ کیا ، اس میں بڑا کمیشن تھا ، مقصد پیسا بنانا تھا، جو قطری سپریم کورٹ میں خط دے رہا ہے وہ ان کا بزنس پارٹنر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ پاکستان کتنی بڑی نعمت ہے ، پاکستان کا بڑا ترین مسئلہ حکمرانوں کی کرپشن ہے ، حکمران بن کر پیسہ لوٹنا اور باہر لے جانا ، یہ لوگ ملک کو مقروض کررہے ہیں ، انہی کی وجہ سے ہمیں دنیا میں ذلت ملتی ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہاکہ کرپشن کی وجہ سے آج پی آئی اے ، اسٹیل مل تباہ ہوگئے ،ان کی اپنی سعودی عرب میں اسٹیل مل چل رہی ہے ، یہاں کی اسٹیل مل تباہ ہوگئی ،جس دن کرپشن ختم کرکے میرٹ کا سسٹم آگيا ہر شعبے میں زبردست لوگ سامنے آجائیں گے ۔

عمران خان نےمزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں اسکولوں میں بائیو میٹرک سسٹم بنادیا ، ٹیچر نہ آئے تو اس کی چھٹی ،ہم نے صوبے کے اسکولوں میں قرآن کا پڑھنا فرض کردیا تاکہ بچے قرآن کی تعلیم حاصل کریں ۔

ان کا کہناتھاکہ کے پی میں سارے ملک سے بہتر پولیس کا نظام ہے ،وہاں پولیس کے معاملات میں سیاسی مداخلت نہیںجبکہ پنجاب میں تو رائیونڈ سے حکم آئے بغیر ایس ایچ او نہیں بھرتی ہوتا ،ہم کسانوں کی ایسی مدد کریں گے جو آج تک تاریخ میں نہیں ہوئی ، آخری سانس تک ان کا مقابلہ کروں گا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ امریکا میں بھولے لوگ ہیں ٹرمپ جیسے آدمی کو صدر بنادیا ،جب سے ٹرمپ آیا ہے، یہ سن رہے ہیں کہ شاید پاکستانیوں کو امریکا کا ویزہ ہی نہ دے ،میں تو دعا کرتاہوں کہ ٹرمپ واقعی پاکستانیوں کو ویزہ دینے سے روک دے ، پھر ہم اپنے ملک کو ٹھیک کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی ، تمہیں یاد کرانا چاہتا ہوں کہ ہر پاکستانی نواز شریف نہیں ، مجھے پتہ ہے کہ ہندوستان میں بھی لوگوں کی اکثریت جنگ نہیں چاہتی ۔

 

مزید خبریں :