انٹرٹینمنٹ
13 جون ، 2017

شاہ رخ، سلمان اور اکشے فنون لطیفہ کی 100 امیر ترین شخصیات میں شامل

شاہ رخ، سلمان اور اکشے فنون لطیفہ کی 100 امیر ترین شخصیات میں شامل

امریکی جریدے فوربز نے رواں سال دنیا کے 100 امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار نے بھی جگہ بنالی ہے۔

فوربز نے جون 2016 سے جون 2017 تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی100 شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق امریکہ کے نامور گلوکار ڈیڈی 130 ملین ڈالرز کے ساتھ دنیا کے سب سے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

جب کہ امریکا کی ہی گلوکارہ بیونس 105 ملین ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے اور برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ 95 ملین ڈالرز کے ساتھ تیسری، کینیڈا کے گلوکار ڈریک 94 ملین ڈالرز کے ساتھ چوتھی اور معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو 93 ملین ڈالرز کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر بر اجمان ہیں۔

دنیا کی 100 امیر شخصیات میں ایشیا سے 5 افراد ہی جگہ بنا پائے ہیں جس میں معروف چینی اداکار جیکی چن 49 ملین ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ 39 ویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں شاہ رخ خان 38 ملین ڈالرز کے ساتھ 65 ویں، سلمان خان 37 ملین ڈالرز کے ساتھ 71 ویں، اکشے کمار 35.5 ملین ڈالرز کے ساتھ 80 ویں اور جاپانی ٹینس اسٹار کی نشی کوری 33.9 ملین ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ 92 ویں نمبر پر ہیں۔

بالی وڈ اسٹار عامر خان فلم ’’دنگل‘‘ کے ذریعے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے بھارتی اداکار ہیں لیکن وہ اس فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :