پاکستان
23 جون ، 2017

کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13ہوگئی

کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13ہوگئی

کوئٹہ میں آئی جی آفس کے قریب دھماکاہوا ہے، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق، جبکہ 21 زخمی ہوگئے، جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے میں شہید افراد کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں،پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی کو روکنے پر حملہ آور نے دھماکا کردیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خودکش تھا، 75 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، بم میں بال بیئرنگ اور نٹ بولٹس کا بھی استعمال کیا گیا۔

کوئٹہ آج دہشت گردی کا نشانہ بنا، شہر کے وسطی علاقے میں گلستان روڈ پر آئی جی پولیس کے دفتر کے قریب صبح تقریباً9 بجے دھماکا ہوا، جواتنی شدید نوعیت کا تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے سے موقع پر 2گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کی زد میں آکر7پولیس اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق ہوگئے، 21زخمی ہوئے، جن میں 10کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گيا، زخمیوں میں بھی متعدد افراد پولیس اہلکار ہیں۔

پولیس کے مطابق دھما کا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا، جس میں مبینہ طورپر ایک خودکش حملہ آور بھی موجود تھا، پولیس اہلکاروں نے مشکوک سمجھ کر کار کو روکا تو اس میں موجود حملہ آور نے خود کو آئی جی آفس کے قریب دھماکے سے اڑالیا، خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضا اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے دھماکے کے مقام کا دورہ کیا، ادھر ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے دھماکے کی جگہ کوچیک کیا جا رہا ہے، حملہ آور کا ہدف کیا تھا یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا۔

دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا ہے، جہاں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، تاہم اسپتال ذرائع کے مطابق 4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کمشنر کوئٹہ امجد علی خان اور ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے سول اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

مزید خبریں :