پاکستان
24 جون ، 2017

پارا چنار دھماکے کے مزید 12 زخمی دم توڑ گئے

پارا چنار دھماکے کے مزید 12 زخمی دم توڑ گئے

پارا چنار میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے مزید 12 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد واقعےمیں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 67 ہوگئی۔

گزشتہ روز پاراچنار میں امن دشمنوں نے بے گناہ شہریوں کو بد ترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا، دھماکوں میں تین سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ۔

قیامت سے پہلے قیامت کا آجانا کوئی پاراچنار کے باسیوں سے پوچھے ،صفِ ماتم بچھ جانا کوئی طوری بازار والوں سے پوچھے، جن کے پیارے ایک ایسے سفر پرچلے گئے جہاں سے واپسی ممکن نہیں۔

گزشتہ روز پاراچنارمیں کسی کو افطار کا سامان خریدنا تھا، کوئی بہن کے لیے عیدی کی چیزیں لینے آیا تھا اور کسی کو سبزی ترکاری لینے کی جلدی تھی، تاہم کچھ ہی دیر میں منظر تبدیل ہوگیا، دو دھماکوں کے بعد ایک قیامت تھی جو لوگوں پر گزر گئی۔

عید گاہ مارکیٹ سے متصل طوری بازار میں افطار سے قبل یکے بعد دیگرے 2 خودکش دھماکوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔

دھماکےمیں ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی افضل افضال کا ایک بھتیجا شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

دھماکوں کے بعدایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال پاراچنار میں ایمرجنسی نافذ ہے لیکن ادویات اور اسٹاف کی کمی کے باعث زخمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شہداءکے گھروں پر صفت ماتم بچھی ہوئی ہے،لوگ تعزیت کے لیے آرہے ہیں،شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :