-----

بہاولپور:آئل ٹینکر کی آگ نے 150 سے زائد جانیں لے لیں

Bahawalpur Oil Tanker Dhamakay Say Phat Gaya 150 Afraad Jan Bahaq

بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے پل بھر میں 150زندگیاں ختم ہوگئیں، حادثے میں 100سے زائد جھلس کر زخمی بھی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے المناک حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ قومی شاہراہ پر پُل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہونے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے.

اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 140 سے افراد جاں بحق اور 100سے زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان شناخت بغیر ڈی این اے کے ممکن نہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر بہاولپور وکٹوریہ اسپتال سمیت قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحے پردکھ کا اظہار کیا ہے۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نےریسکیو، ریلیف سروس میں سول انتظامیہ کی مددکیلئے ہدایات جاری کردیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی اسپتالوں میں منتقلی کے لئے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ 51شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بہالپور سے ملتان منتقل کیا گیا۔

آرمی ہیلی کاپٹر احمد پور شرقیہ، بہاولپور، ملتان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی جگہ کلیئر کرا کر ٹریفک بحال کرادی گئی ہے۔

حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا کہناہے کہ آگ لگنے سے قبل اہلکار اور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن پیٹرول جمع کرنے والوں نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر وہ ہوا جو کسی قیامت سے کم نہ تھا۔

ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقابی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا اور حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب، ملک احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں100کے قریب افراد زخمی ہیں، 25سے 30 افراد 80فیصد سے زائد جھلسے ہیں، حادثہ بہت بڑاہے، قریبی تحصیلوں سےبھی عملہ بلوالیا گیا ہےجبکہ شہری دفاع کے محکمے بھی جائے وقوعہ پر ریسکیو سروس دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کاہیلی کاپٹرزخمیوں کواسپتال منتقل کرنےکے لئے دیدیاہے۔