پاکستان
26 جولائی ، 2017

شہباز شریف سے ملاقات، چوہدری نثار نے فیصلے پر نظرثانی کیلئے مہلت مانگ لی

شہباز شریف سے ملاقات، چوہدری نثار نے فیصلے پر نظرثانی کیلئے مہلت مانگ لی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پارٹی قیادت سے ناراض وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے فیصلے پر نظرثانی کے لیے مہلت مانگ لی۔

جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پنجاب ہاؤس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور 2 گھنٹے طویل جاری رہنے والی ملاقات میں مختلف معاملات پر بات کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے چوہدری نثار کو منانے کی کوشش کی جب کہ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے وفاقی وزیرداخلہ سے انتہائی قدم نہ اٹھانے اور معاملات کو میڈیا پر نہ لانے کی درخواست کی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست پر چوہدری نثار نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے مہلت طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھا جائے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار کے پارٹی قیادت سے اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا جب کہ 23 جولائی کو ان کی پریس کانفرنس شیڈول تھی تاہم کمر درد کے باعث انہوں نے پریس کانفرنس اگلے دن تک کے لیے ملتوی کی جس کے بعد 24 جولائی کو لاہور دھماکے کے باعث انہیں ایک مرتبہ پھر پریس کانفرنس ملتوی کرنا پڑی۔

چوہدری نثار کا پیر کے روز مختصر پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ لاہور دھماکے کے بعد میرے لیے سیاسی بات کرنا ممکن نہیں، جن معاملات پر بات کرنا تھی انہیں منسوخ نہیں ملتوی کررہا ہوں اور مجھے جو کچھ کہنا ہے وہ پریس کانفرنس میں ہی کہوں گا۔

مزید خبریں :