Geo News
Geo News

پاکستان
30 جولائی ، 2017

وزارت عظمیٰ کے امیدوار پر اپوزیشن تقسیم، شیخ رشید کے نام پر تحفظات

وزارت عظمیٰ کے امیدوار پر اپوزیشن تقسیم، شیخ رشید کے نام پر تحفظات

نواز شریف کی نااہلی کے بعد نئے وزیراعظم کے لئے امیدوار پر اپوزیشن تقسیم ہوگئی۔

وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کی جانب سے شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے جب کہ عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی نے شیخ رشید پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

قومی وطن پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طے ہوا تھا کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کا معاملہ تمام جماعتیں مل کر کریں گی جب کہ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ شیخ رشید مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار نہیں اور حتمی فیصلہ کل ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی نے رابطہ کیا ہے جن سے نئے وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے ملاقات کروں گا۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ پاناما معاملے پر اپوزیشن کا ساتھ دیا تاہم قومی وطن پارٹی کو صوبائی حکومت سے الگ کرنا تحریری معاہدے کی خلاف ورزی ہے،  تحریری معاہدے میں صوبے کے مسائل کا ذکر تھا اور لکھا تھا کہ قومی معاملات پر متفقہ فیصلہ ہوگا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ عمران خان خود کو تنہا کرتے جارہے ہیں اور تحریک انصاف صوبے میں کارکردگی نہیں دکھا سکی، لگتا ہے پی ٹی آئی شہید ہونا چاہتی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب پر حمایت حاصل کرنے کےلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے رابطہ کیا تاہم ایم کیو ایم پاکستان نے جواب دیا کہ اگر وزیراعظم کا امیدوار خود بات کرنے آئے گا تو بات کریں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :