17 مارچ ، 2012
لاہور … پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما راجا ریاض کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی سیاسی اور اخلاقی تربیت نہیں ہوئی، انہوں نے صدر زرداری کے خلاف نہایت غلیظ زبان استعمال کی ہے، منتخب صدر کیلئے ایسی زبان استعمال کریں گے توہمارے ہاتھ ان کے گریبان تک ضرور پہنچیں گے، مینٹل اسپتال کی انتظامیہ سے کہوں گا کہ وہ شہبازشریف کو لے جائے۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجاریاض نے کہا پنجاب میں پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو شہباز شریف کو سڑکوں پر نہ گھسیٹا تو میرا نام راجا ریاض نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کو گھسیٹ کرڈینگی سے مرنے والوں کی قبروں تک لے کرجائیں گے اور ان طالب علموں کے گھر بھی لے جاوٴں گا جو غلط امتحانی نتائج کی وجہ سے خود کشی پر مجبور ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہناتھا کہ شہباز شریف کو پٹہ ڈال کر عائشہ احد کے گھر لے جاکر اسے انصاف دلاوٴں گا، انہیں ہنی برج تک لے جاوٴں گا اور مال روڈ پر سنگسار بھی کروں گا۔ راجا ریاض نے مزید کہا کہ شہبازشریف پنجاب اسمبلی میں قرآن اٹھا کر بتائیں کہ یونس حبیب سے پیسے لیے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے نواز شریف اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ شہباز شریف کی جانب سے غلیظ زبان استعمال کرنے کا نوٹس لیں۔