LIVE

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی میثاق معیشت کی پیشکش قبول کرلی

ویب ڈیسک
June 21, 2019
 

ہم اس عظیم قومی مقصد کے لیے اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بیان — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے میثاق معیشت کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میثاق معیشت کے لیے پارلیمان کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے جس میں قانونی، سیاسی اور اقتصادی امور زیر بحث آئے، وزیراعظم نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے میثاق معیشت پر خصوصی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ ہم اس عظیم قومی مقصد کے لیے اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، خصوصی کمیٹی صرف موجودہ معاشی حالات کا جائزہ لے گی اور حل پیش کرے گی۔

اسد قیصر نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی جس کو پہلے نظرانداز کیا گیا تھا۔

اس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ بھی حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کرچکے ہیں۔