LIVE

معذور بچوں کا سہارا سسٹر رُتھ لیوس کورونا کے باعث انتقال کرگئیں

ویب ڈیسک
July 21, 2020
 

کراچی میں ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے ادارے دارالسکون کی انچارج سسٹر رُتھ لیوس کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں۔

 دارالسکون انتظامیہ کے مطابق سسٹر رُتھ لیوس میں8 جولائی کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ  نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

انتظامیہ کے مطابق  سسٹر رُتھ لیوس کا کل رات انتقال ہوا اور  ان کی آخری رسومات کل دوپہر 2 بجے خداداد کالونی کے کرائسٹ دی کنگ چرچ میں ادا کی جائیں گی۔

انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ دارالسکون میں 21 بچے بھی کورونا سے متاثر ہیں اور  سسٹر رُتھ لیوس ان بچوں کی دیکھ بھال کے دوران کورونا سے متاثر ہوئیں،کورونا سے متاثر تمام بچوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

 2 مئی 1946کو کراچی میں پیدا ہونے والی سسٹر رُتھ لیوس دارالسکون میں 50 سال سے خدمات انجام دے رہی تھیں اور وہ معذور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے دارالسکون کی بانیان میں سے تھیں۔

 سسٹر رُتھ لیوس کے انتقال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور  مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،سماجی شعبہ میں سسٹر رُتھ لیوس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔