26 مئی ، 2021
ملتان میں مبینہ طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹر کی دوا سے انتقال کرنے والے 3 بچوں کے والد کا بھی آج انتقال ہوگیا۔
ملتان کے علاقہ حامد پور کنورہ میں 3 کم سن بہن بھائیوں کو مبینہ طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹر کی دوا دینے سے انتقال کے بعد آج بچوں کا والد غلام حسین بھی مبینہ طور پر دوا کھانے کے بعد انتقال کرگیا۔
غلام حسین کی میت نشتر اسپتال پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی گئی۔
دوسری جانب رشتہ دار محمد اکبر کے مطابق شبہ ہے کہ غلام حسین نے آج گھر میں کوئی زہریلی دوا کھائی جس سے اس کانتقال ہوا، پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیق میں واقعہ خودکشی لگ رہا ہے ، لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے،فارنزک رپورٹ آنے پر ہی حقائق معلوم ہو سکیں گے، پولیس نے ہومیو پیتھک ڈاکٹر سلیم کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں بچوں اور غلام حسین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی اب اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ کیا واقعی یہ 4 اموات کا واقعہ اتنا سادہ ہے جتنا نظر آ رہا ہے یا یہ معاملہ میاں ، بیوی کے گھریلو جھگڑوں کے نتیجہ میں پہلے بچوں کو قتل کرنے کے بعد والد کی خودکشی کا ہے۔