LIVE

وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے: امریکی میئر

جنگ نیوز
April 14, 2022
 

ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کی میزبانی میں اس سال بھی امریکا کے سب سے بڑے افطار ڈنر کاانعقاد شاندار طریقے سے کیا گیا/فوٹوفائل

امریکی شہر ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کا کہنا ہے کہ  وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے۔

ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کی میزبانی میں اس سال بھی  امریکا کے سب  سے بڑے افطار ڈنر کاانعقاد  شاندار طریقے سے کیا گیا۔

  بے یو سٹی ایونٹ سینڑ میں منعقد ہونے والے ہیوسٹن افطار ڈنر میں رکن کانگریس ایل گرین، منتخب نمائندوں اور غیر ملکی سفارت کاروں سمیت 2 ہزارافراد  نے شرکت  کی۔

‎افطار ڈنر کے موقع پر میئر ہیوسٹن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان خصوصاً کراچی کا دورہ زیر غور ہے، متعدد پاکستانی رہنما اور کاروباری شخصیات ان کے ہمراہ  کراچی دورے پر جانے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا کوئی بھی شہر اس وقت تک عظیم شہر نہیں قرار دیا جاسکتا جب تک کی وہاں کسی نہ کسی سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی نہ ہو، مسلمان امریکی معاشرے کا کلیدی حصہ ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے۔

‎افطار ڈنر کے موقع پر رکن کانگریس ایل گرین نے افطار کی انتظامی کمیٹی کو تعریفی شیلڈ پیش کی، اس موقع پر انہوں نے امریکی مسلمانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

نوٹ: یہ خبر 14 اپریل 2022 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی