LIVE

خیبر پختونخوا میں بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ

شیبا حیدر
March 22, 2023
 

ایک محتاط اندازے کے مطابق صوبے میں سالانہ ہزاروں افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں/ فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا میں بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جسے ماہرین صحت نے مردوں میں اموات کی تیسری بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

مناسب احتیاط اور علاج معالجے کے حوالے سے شعور نہ ہونے کے سبب خیبر پختونخوا میں بڑی آنت کے کینسر کی بیماری پھیل رہی ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق صوبے میں سالانہ ہزاروں افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

 پشاور میں بڑی آنت کے کینسر کے حوالے سے آگاہی سیشن کا اہتمام کیاگیا جس میں ماہرین صحت نے خبردار کیا کہ بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ بڑی آنت کے کینسر کی علامات میں مریض کو پاخانہ میں خون آنا، پیٹ کا پھولنا اور پیٹ کے نچلے حصے میں درد یا سوجن ہونا شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق صوبے کے اسپتالوں میں بڑی آنت کے مرض میں مبتلا مریضوں کے لیے اسکریننگ کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے۔

اس کے علاوہ آگاہی پروگرام کے شرکا نے مرض کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے واک کا بھی اہتمام کیا تاکہ عوام میں اس بیماری کے خلاف شعور اجاگر ہو تاکہ اس مرض پر قابو پایا جاسکے۔