LIVE

’ایپکس کمیٹی اجلاس میں جامع اقدامات طے پائے، عدلیہ سے بھی کہا جائے گا اس میں سپورٹ فراہم کریں‘

ویب ڈیسک
June 22, 2024
 

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بڑے جامع اقدامات طے پائے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کیلئے آپریشن ’عزمِ استحکام’ کی منظوری دے دی گئی۔

اس حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، آپریشن عزم استحکام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کےلیے اہم ثابت ہو گا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ ملک میں بڑھتی دہشتگردی کا سدباب کیا جائے گا، ہمارے فوجی جوانوں کی روزانہ شہادتیں ہو رہی ہیں، آج بھی جس وقت یہ اجلاس جاری تھا، تیمر گرہ میں مقابلہ ہو رہا تھا، دہشتگردی کا یہ سلسلہ رکنا چاہیے، اس میں ہمارا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بڑے جامع اقدامات طے پائے ہیں، تمام اداروں کو تعاون کا کہا جائے گا اس میں عدلیہ اور مقننہ بھی شامل ہے، قانون سازی بھی کی جائے گی اور عدلیہ سے بھی کہا جائے گا کہ اس میں سپورٹ فراہم کریں۔

ان کا کہناتھاکہ فوج پہلے ہی ہر محاذ پر لڑر ہی ہے، صوبائی حکومتوں کو بھی کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کریں، پولیس کو بھی اس میں اپنا پورا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی شدت پسندی ہمارے کلچر کا حصہ بن گئی ہے، اسے سیاستدانوں نے بھی استعمال کیا اور ماضی میں حکمرانوں نے بھی، یہاں پر جلسے جلوس کروائے جاتے رہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی سرپرستی میں مریم پنجاب میں بہت اچھا کام کر رہی ہیں، صوبے میں جو مختلف مافیاز ہیں مریم ان سے بلیک میل نہیں ہوں گی۔