22 جون ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کیلئے آپریشن ’عزمِ استحکام’ کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سمیت وفاقی کابینہ کے اہم وزرا، تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، سروسز چیفس کی اجلاس نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری مہم اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ کیا اور انسداد دہشت گردی کی جامع اور نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے انسداد دہشت گردی کےلیے آپریشن ’عزمِ استحکام’ کی منظوری دی اور کہا کہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، آپریشن عزم استحکام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کےلیے اہم ثابت ہو گا۔
ان کا کہنا تھاکہ سفارتی کاوشوں سے دہشتگرد تنظیموں کی بیخ کرنی کریں گے اور کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فورم نے اعادہ کیا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے۔
اجلاس میں چینی شہریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور چینی شہریوں کی حفاظت کےلیے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد متعلقہ محکموں کو نئے ایس او پیز جاری کردیے گئے۔