LIVE

زیادہ تر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو انزائٹی جیسے عام مرض کا شکار بناسکتی ہے

ویب ڈیسک
June 27, 2024
 

ایک تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا / فائل فوٹو

انزائٹی ایک ایسا عارضہ ہے جو موجودہ عہد میں بہت زیادہ عام ہوتا جا رہا ہے اور ایسا اکثر آپ کی ایک پسندیدہ غذا کی وجہ سے ہوتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل بی ایم سی بائیولوجیکل ریسرچ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ عہد میں فاسٹ یا جنک فوڈ کا استعمال بہت زیادہ ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق کے مطابق زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے موٹاپے کا خطرہ بڑھتا ہے اور موٹاپے کے شکار افراد میں انزائٹی سمیت دیگر ذہنی امراض سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جنک فوڈ کے استعمال سے ہمارے معدے میں موجود بیکٹریا کا توازن بدلتا ہے اور یہ بیکٹریا موٹاپے سے جڑے میٹابولک عناصر پر اثرانداز ہوتے ہیں جس سے انزائٹی جیسے مرض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

امریکا کی کولوراڈو یونیورسٹی کی اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے تھے۔

چوہوں کے 2 گروپس بنائے گئے، جن میں سے ایک گروپ کو 9 ہفتوں تک روزانہ ایسی غذائیں استعمال کرائی گئی جن کی 11 فیصد کیلوریز چکنائی پر مشتمل تھی جبکہ دوسرے گروپ میں چکنائی پر مبنی کیلوریز کی مقدار 45 فیصد تھی۔

محققین کی جانب سے غذاؤں سے جسم میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ بھی کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں کا استعمال کرنے چوہوں کے جسمانی وزن اور چربی میں اضافہ ہوا جبکہ معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹریا کی تعداد گھٹ گئی۔

اسی طرح ان کے جینز میں ایسی تبدیلیاں آئیں جو تناؤ اور انزائٹی سے جڑی ہوئی تھیں۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں سے جسمانی چربی اور وزن میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ دماغ میں تبدیلیاں آتی ہیں جن سے انزائٹی کی تشخیص کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انزائٹی کیا ہے؟

انزائٹی جسم کا تناؤ کے لیے قدرتی ردعمل ہے، یہ خوف یا فکر کی ایسی کیفیت ہوتی ہے جو مختلف عناصر کا مجموعہ ہوتی ہے ۔

دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھ جانا، سانس چڑھنا، تھکاوٹ اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات اس کی کچھ عام علامات ہیں۔

ویسے ہر فرد میں اس کا اظہاریا علامات مختلف ہوسکتی ہیں، جیسے ایک فرد کو شدید گھبراہٹ کا سامنا ہوسکتا ہے تو دوسرے کو تکلیف دہ خیالات یا ڈر کے دورے پڑسکتے ہیں۔