LIVE

دنیا بھر میں کینسر جیسے مرض کے تیزی سے پھیلنے کی اہم ترین وجہ دریافت

ویب ڈیسک
June 28, 2024
 

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔

اب ماہرین نے کینسر کے بہت تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے موٹاپا۔

درحقیقت جسمانی وزن میں کمی لاکر آپ خود کو کینسر کی متعدد اقسام سے بچا سکتے ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کلیولینڈ کلینک کی تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کی کم از کم 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، کیونکہ جسمانی وزن بڑھنے سے جسم میں ایسٹروجن اور انسولین جیسے ہارمونز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اس تحقیق میں موٹاپے کے شکار ایک لاکھ سے زائد افراد کے طبی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن میں سے 5300 میں کینسر کی تشخٰص ہوئی تھی۔

تحقیق کے دوران ان افراد میں کینسر کی تشخیص سے 3، 5 اور 10 سال قبل جسمانی وزن میں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی وزن میں کمی سے آئندہ 5 سال تک موٹاپے سے جڑے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کمی سے چھاتی، گردے، مادر رحم، جگر اور لبلبے سمیت کینسر کی 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کمی سے کینسر کی ایسی 16 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے جو موٹاپے سے منسلک نہیں۔

ان اقسام میں جِلد، پھیپھڑے، آنکھیں، دماغ اور نظام ہاضمہ کے اعضا کے کینسر قابل ذکر ہیں۔

اب محققین کی جانب سے یہ دیکھا جائے گا کہ جسمانی وزن میں کمی لانے والی ادویات کے استعمال سے بھی کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے یا نہیں۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن ڈائیبیٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔

اس سے قبل جون 2023 میں سویڈن کی Uppsala یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے سے خواتین میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کے جمع ہونے کا عمل کینسر کے خطرے میں کردار ادا کرتا ہے، مگر خطرے کی شرح مردوں یا خواتین میں مختلف ہو سکتی ہے۔

محققین کے مطابق اس تحقیق کا مقصد جسم میں چربی کے اجتماع اور کینسر کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالنا تھا اور ہم نے دریافت کیا کہ جنس، جسمانی چربی کی مقدار اور دیگر عوامل دونوں صنفوں میں بیماری کے خطرے کی شرح پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

مئی 2023 میں سویڈن کی ہی لیونڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موٹاپا چاہے میٹابولک صحت کو نقصان پہنچائے یا نہ پہنچائے، مگر جسمانی وزن بڑھنے سے کینسر کی متعدد اقسام کا خطرہ ضرور بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں چربی کی مقدار بڑھنے سے کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے لگ بھگ 8 لاکھ افراد کے جسمانی وزن اور میٹابولک صحت کا جائزہ لیا گیا۔

ان افراد کو موٹاپے کی مختلف اقسام کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

نتائج سے دریافت ہوا کہ موٹاپے کی نقصان دہ اقسام سے لبلبے، جگر، پِتے، گردے اور معدے سے جڑے اعضا کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ایسے افراد میں جگر اور گردے کے کینسر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں ڈھائی سے 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں موٹاپے کی صحت مند اقسام سے گردوں، colon اور دیگر اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ میں شائع ہوئے۔