LIVE

جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی

امین انور
July 03, 2024
 

فوٹو: سندھ ہائیکورٹ ویب سائٹ

جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس شفیع صدیقی 27 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ہوں گے۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی 12 اگست 1965 کو پیدا ہوئے، انہوں نے بی ایس کے بعد ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 1992 میں بطور ایڈووکیٹ ماتحت عدالتوں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی 1994 میں بطور ہائیکورٹ ایڈووکیٹ انرولڈ ہوئے اور 2008 میں سپریم کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ انرولڈ ہوئے۔

2012 میں سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد سے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

اب جسٹس محمد شفیع صدیقی جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کی منظوری کے بعد سندھ ہائیکورٹ کے 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

جسٹس شفیع صدیقی بطور جج سندھ ہائیکورٹ اب تک 4 ہزار 205 کیسز کے فیصلے سنا چکے ہیں، ان کیسز میں 1 ہزار سے زائد کیسز مختلف لا جنرلز میں شائع ہوچکے ہیں۔ جسٹس شفیع صدیقی نے جن کیسز کے فیصلے سنائے ان میں آئینی، ٹیکسیشن، کسٹمز اور ہائیکورٹ اپیلوں کے فیصلے شامل ہیں۔