پاکستان
04 مارچ ، 2015

امریکہ ، اسرائیل کا سرپرست اور شریک مجرم ہے،فلسطین فائونڈیشن

امریکہ ، اسرائیل کا سرپرست اور شریک مجرم ہے،فلسطین فائونڈیشن

کراچی....... فلسطین پر قابض جعلی ریاست اسرائیل کی دہشت گرد افواج کی سرپرستی میں انتہاپسند نسل پرست یہودی صہیونی دہشت گردوں کی جانب سے بیت اللحم میں مساجد اور چرچ سمیت مقدس مقامات کو نذر آتش کرنے اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے خلاف پاکستان کے مسلمانوں اور مسیحی بزرگان سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں نے مشترکہ مذمت و احتجاج ریکارڈ کروانے کے لئے کل جماعتی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام آل پارٹیز پریس کانفرنس کے شرکاء نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کو مصری عدالت کی جانب سے دہشت گردقرار دئیے جانے کی بھی مذمت کی۔ آل پارٹیز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چرچ آف پاکستان کے مسیحی رہنما بشپ صادق ڈینئیل، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی، وزیر مملکت مذہبی امور کے ترجمان صاحبزادہ ازہر ہمدانی، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، علامہ عباس کمیلی،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ، فردوس شمیم نقوی، نعیم عادل شیخ، مولانامحمد عبد اللہ ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما سید علی حسین، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری،محفوظ یار خان ایڈووکیٹ،جعفریہ الائنس کے سید شبر رضا، میر نواز خان مروت، پائیلر کے صدر کرامت علی،مولانا صادق رضا تقوی ، مظفر احمد ہاشمی، مسلم پرویزاورصابر ابو مریم نے کہا کہ فلسطین میں چرچ کی دیواروں پرحضرت عیسیٰ علیہ السلام کے خلاف نا زیبا وال چاکنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ فرانس اور مغربی ممالک میں پیغمبر اکرم حضرت محمد (ص) کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور بیت اللحم میں یہ وال چاکنگ کرنے والا ماسٹر مائنڈ ایک ہی ہے اور وہ جعلی ریاست اسرائیل کے نسل پرست صہیونی ہیں جو دنیا بھر میں براہ راست انبیاء علیہم السلام کی توہین میں ملوث ر ہے ہیں اور ڈنمارک کے اخبارنے جب ماضی میں گستاخانہ کارٹون شایع کئے تھے تو اس کے بعد واشنگٹن پوسٹ میں اعتراف کیا تھا کہ یہ دانستہ طور پر کیا تھا اور اس کلچرل ایڈیٹر کا صہیونی نسل پرست یہودی دانشوروں سے تعلق ثابت ہوچکا تھا، فرانس کے گستاخ رسول ﷺ ہفت روزہ چارلی ہیبڈو سے اظہار یکجہتی کرنے صہیونی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو خود پیرس گئے۔مقررین کاکہنا تھا کہ امریکہ صہیونی اسرائیلی جرائم اور مغربی ممالک میں توہین رسالت کرنے کے جرم میں برابر کا شریک ہے۔ غاصب صیہونی ریاست کے تمام سرپرست مغربی ممالک بشمول امریکہ، فرانس، برطانیہ اور یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی سرپرستی کا عمل ترک کر دیں ، کیونکہ اسرائیل ایک سرطان ہے جو اپنے سرپرست مغربی ممالک میں بھی سرایت کرکے انہیں مارے گا۔رہنمائوں نے عرب حکومتوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کو فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور صیہونی و امریکی حکومتوں کی کاسہ لیسی ترک کر دیں۔

مزید خبریں :