28 مئی ، 2015
کراچی.....پاکستان میں آموں سمیت دیگر پھلوں کو پکانے کیلئے کیلشیم کاربائیڈ کا استعمال ہوتا ہے جبکہ بھارت سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں اس پر پابندی ہے، یہ کیمیکل کینسر سمیت کئی بیماریوں کی وجہ بنتا ہے۔ کیلشیم کاربائیڈ نہ صرف خود انسان کیلئے مضر صحت ہے بلکہ اس میں اکثر آرسینک اور فاسفورس جیسے نقصان دہ کیمیکلز کے بھی ذرات پائے جاتے ہیں۔ پھلوں کو پکانے کیلئے کیلشیم کاربائیڈ کا استعمال بھارت سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں ممنوع ہے، تاہم پاکستان میں انتہائی حیرت انگیز طور پر کوئی پابندی نہیں۔ ملک میں آم بھی اکثر اوقات اسی کیمیکل میں پکائے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کیلشیم کاربائیڈ سے ناصرف جلد کو نقصان ہوتا ہے بلکہ معمولی مقدار جسم کے اندر جانے سے کینسر اور کئی مہلت بیماریاں ہوسکتی ہیں۔ دنیا بھر میں اب پھلوں کو قدرتی طور پر پکانے کے لیے ’’ایتھائلین‘‘ گیس کا استعمال ہورہا ہے تاہم پاکستان میں قانون سازی کے فقدان اور حکومتی بے حسی کے باعث عوام کی صحت داؤ پر لگی ہوئی ہے۔