29 مئی ، 2015
اسلام آباد........اسلام آباد میں لڑکی نے لڑکے کو گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ ملزمہ جوتے جائے واردات پر چھوڑ کر فرار ہو گئی ہیں اور مقتول بلال صفدر کا تعلق ایئر فورس سے بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی شاہراہ نائنتھ ایونیو پر سر شام ایک نامعلوم لڑکی نے نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کو حاصل ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم لڑکی پنڈی گھیپ کے رہائشی بلال صفدر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھی۔ نائنتھ ایونیو کے بوہڑ مسجد چوک پر لڑکی نے موٹر سائیکل رکوائی اور تیس بور کے پستول سے فائر کر دیا، گولی بلال صفدر کی گردن میں لگی، ملزمہ موقع سے فرار ہو گئی، تاہم وہ اپنے جوتے جائے واردات پر ہی چھوڑ گئی۔ راہگیروں نے بلال صفدر کو شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال پہنچایا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے جائے واردات سے ملزمہ کے جوتے، گولی کا خول اور ایک گولی سمیت لڑکے کا موبال فون قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتول بلال صفدر کا تعلق پاکستان ایئر فورس سے ہے۔