پاکستان
03 جون ، 2015

جیو کی خصوصی نشریات ’شب مناجات‘ ، ڈاکٹرعامر لیاقت کی رقت آمیز دعا

جیو کی خصوصی نشریات ’شب مناجات‘ ، ڈاکٹرعامر لیاقت کی رقت آمیز دعا

کراچی .....شب برات کی روح پرور ساعتوں میں فضیلت اور نجات کیلئے جیو ٹی وی نیٹ ورک کے تحت عظیم الشان شب مناجات کی ٹرانسمیشن ہوئی،جس کی میزبانی مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کی ۔اس موقع پر امتِ مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ شب مناجات ٹرانسمیشن کے ایمان افروز لمحا ت کی ابتدا تلاوت قرآ ن پاک اور حمد وثنا سے ہوئی،تو محفل کے آغاز میں ہی پرکیف روحانی سماں بندھ گیا۔ڈاکٹر جمیل راٹھور نے اس پرنور محفل میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔مشہور و معروف نعت خواں احمد رضا قادری ،عمران شیخ عطاری ،محد علی سہروردی ،حافظ احمدرضا قادری اور معین عالم نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔شب مناجات میں جیو نیٹ ورک نے کراچی کے قریب بس حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو بھی یاد رکھا اوران کے لواحقین میں 50ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے۔شب مناجات کے فقیدالمثال اجتماع میں بڑی تعداد میں خواتین، بزرگ ،نوجوان اور بچوں نے شرکت کر کے اپنی بے پناہ عقیدت کا ثبوت دیا ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بھی شب مناجات میں بارگاہ رسالت ماب میں نعتوں کے ہدیے پیش کیے۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے’ پرسوز کلمات ‘توبہ ومغفرت کے روح پرور واقعات اور فضائل پر خطاب اور دعا نے حاضرین محفل پر رقت طاری کر دی ۔ جیو نیٹ ورک کی اس خصوصی نشریات کے دوران بذریعہ قرعہ ا ندازی 40 خوش نصیبو ں کو عمرے کے ٹکٹس بھی دئیے گئے۔

مزید خبریں :