15 جون ، 2015
کراچی ........سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ علامہ راجہ نا صر عباس جعفری کا کہنا ہے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کرائی گئی،با قاعدہ سازش کے تحت الیکشن کو ہائی جیک کیا گیا۔مرکزی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے،انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے تمام تر ریکارڈ توڑدیئے گئے،مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب کروانے کے لئے حلقہ نمبر ایک میں پانچ دفعہ دوبارہ گنتی کی گئی جبکہ ایم ڈبلیوایم کی درخواست پرالیکشن کمیشن ایک بھی حلقہ میں دوبارہ گنتی کرنے سے کترا رہا ہے ، الیکشن کمیشن کا دہرا معیار نا قابل قبول ہے۔آخری سانس تک ملک و قوم کی بہتری کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔راجہ ناصر عباس نے انتخابی مہم چلانے پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں مجلس وحدت کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا، ہم اصولوں کی سیاست کے حامی ہیں دھونس دھاندلی کے ذریعے عوامی حق رائے دہی پر قدغن لگانے والوں کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ الیکشن کمیشن فوری طور پرایم ڈبلیو ایم کی درخواست پر متنازع حلقوں میں دوبارہ گنتی مکمل کرکے انصاف کے تقاضے پورے کرے۔ انتخابی عمل سے دھاندلی کے نا سور کو ختم نہ کیا گیا توعوام کا اعتماد جمہوریت سے اٹھ جائے گا۔عوام ووٹ کسی اور کو دیتے ہیں اور کامیاب کوئی اور ہوتا ہے اس سارے عمل نے انتخابی نظام پر بہت سے سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔انھوں نے کارکنوں کو ہدایتکی کہ وہ اپنی جدو جہد جاری رکھیں وہ دن دور نہیں جب عوام خود ان نااہل حکمرانوں کا احتساب کریںگے۔ اجلاس میں کور کمیٹی کے اراکین مہدی عابدی،یعقوب حسینی ، سید ناصر عباس شیرازی اور دیگر نے شرکت کی ۔