22 جون ، 2015
لاہور .......لاہور میں بڑھتی ہوئی گرمی سے پھول جیسے بچوں کے چہرے بھی مرجھا گئے، پچھلے24 گھنٹوں کے دوران صرف چلڈرن اسپتال میں 1810بچے لائے گئے جن میں سے 411 بچوں کی حالت تشویشناک پائی گئی۔سورج آگ بگولا ہوا،پارہ چڑھنے لگا،تو ننھی کلیاں بھی متاثر ہونے سے نہ بچ سکیں، ہزاروں بچے لو لگنے اور پانی کی کمی کا شکار ہوئے، گذشتہ 24 گھنٹوں میں صرف چلڈرن اسپتال لائے جانیوالے متاثرہ بچوں کی تعداد 1800 سے زیادہ رہی۔چلڈرن اسپتال کے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کیمطابق بچوں کو پانی کی کمی کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے مشروبات دیئے جائیں اور بازار کی اشیا سے دور رکھا جائے۔طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ بچوں کو گرمی کی شدت سے بچانے کیلئے دھوپ سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کا اپنانا بہت ضروری ہے۔