پاکستان
13 مئی ، 2012

گیاری سیکٹر میں دبے بہادر سپاہی کی باہمت ماں

گیاری سیکٹر میں دبے بہادر سپاہی کی باہمت ماں

اسکردو…گیاری سیکٹر میں گلیشئر ملبے میں دبے سپاہی محمد اکبر کی ماں آنکھوں میں بیٹے کی یادیں لئے کمال ضبط کے ساتھ بیٹے کی قربانیوں پر فخر کر رہی ہے۔ اسکردو سے نثار عباس کی رپورٹ کے مطابق گیاری سیکٹر میں برف تلے دبے پاک فوج کے27 سالہ سپاہی محمد اکبر کی ماں جس کے بہتے آنسو اور اٹھنے والے ہاتھ بس اپنے جواں بیٹے کی حفاظت کے لیے دعاگو ہے۔ بیٹا اس بوڑھی ماں کی آنکھوں کے سامنے تو نہیں ہے مگر ماں کے دل کی دھڑکنیں ہر لمحہ اپنے لخت جگر سے باتیں کرتی اور اسے اپنے پاس محسوس کرتی ہیں۔ دن کا کوئی پل ایسا نہیں گزرتا جب اس ماں نے اپنے بیٹے کو یاد نہ کیا ہو، محمد اکبر جب بھی ڈیوٹی کے لیے جاتا تھا تو ماں کو الوداع ضرور کہتا تھا۔سکینہ بی بی کے لئے اب محمد اکبر کی چار معصو م بچیاں ہی جینے کا سہارا ہے، یہ کمسن بچیاں جو اپنی دادی کے آنسووٴں کی کہانی نہیں جانتی اور نہ ہی یہ جانتی ہیں کہ ان کا بابا کہاں ہے۔بیٹے کی جدائی اپنی جگہ مگر اس ماں کو فخر ہے کہ اس کے بیٹے نے ملک کا دفاع کرنے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔سکینہ بی کا شمار ان ماؤں میں ہوتا ہے جو بیٹوں کو شہادت کے لیے خود تیار کرتی ہی۔ آج پوری قوم کوسکینہ بی بی اور ان جیسی ماوٴں پر فخر ہے جو اپنے جواں سال بیٹوں کو دفاع وطن کیلے قربان کرتی ہیں۔

مزید خبریں :