دنیا
05 اکتوبر ، 2015

دنیا بھر کے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا خطر ناک رجحان

دنیا بھر کے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا خطر ناک رجحان

کراچی......ساجد انصاری......پاکستان سمیت دنیا بھر کے کم آمدنی والے ممالک کے نوجوانوں میں خودکشی کے رجحانات میں اضافہ ہورہاہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں خودکشی کا سب سے بڑا سبب بے روزگاری ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا میں 15سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کی ٹریفک حادثات میں ہلاکت کے بعد سب سے زیادہ اموات خودکشی کے باعث ہوتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہر سال تقریباً آٹھ لاکھ افراد موت کو گلے لگا لیتے ہیں جبکہ خودکشی کے ہر کیس میں کم سے کم 20 بار جان لینے کی ناکام کوشش کی گئی ہوتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے جنسی و امتیازی سلوک کے باعث بھی خودکشیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تیس سال سے کم عمر لڑکیاں اپنی عمر کے لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ خودکشیاں کرتی ہیں۔

نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دماغی وبا اور سائبربْلیئنگ نے چیزوں کو بدتر بنا دیا ہے جس کے باعث کئی ممالک کے کم عمر اور نوجوان خود کو موت کے حوالے کرنے میں دیر نہیں کرتے۔

ئالمی ادارہ صحت کے مطابق خودکشی ایک عالمی وبا بن گئی ہے جس پر قابو پانا فی الحال ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ ادارے نے دنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ حکومتیں اس معاملے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

امریکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں لڑکیاں لڑکوں کی نسبت زیادہ خودکشیاں کرتی ہیں لیکن اکثر لڑکیاں خوش قسمتی سے بچ جاتی ہیں جبکہ لڑکے اکثر مرجاتے ہیں۔لڑکیاں زیادہ تر گھروں میں خودکشی کرتی ہیں جس وجہ سے وہ اکثر بچ جاتی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں خودکشیوں کا رجحان عالمی سطح پر کم ہے لیکن پھر بھی پاکستان میں اکثر نوجوان بے روزگاری، امتیازی سلوک اور نظر انداز کئے جانے جیسے معاملات میں خودکشیاں کرتے ہیں۔

محبت میں ناکامی بھی خود کشی کا بڑا سبب ہے
رپورٹس کے مطابق پاکستان کا پڑھا لکھا طبقہ روزگار نہ ملنے کے باعث زیادہ پریشان نظرآتا ہے اور یہی پریشانی ان کی موت کا سبب بنتی ہے۔ پاکستان میں بے روزگاری کے بعد محبت میں ناکامی بھی خودکشی کے بڑے اسباب میں شامل ہے۔ اس بات کا مشاہدہ گزشتہ دنوں کراچی کے ایک اسکول کے کمسن پریمی جوڑے کی جانب سے دیکھنے میں آیا جس نے محبت میں ناکامی کے ڈر سے اپنی زندگیاں ختم کر ڈالیں۔

بھارت میں 1لاکھ کی آبادی میں 36اور پاکستان میں 7افراد کی خود کشی
پاکستان کا پڑوسی ملک بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں خودکشی کا رجحان سب سے زیادہ ہے اور یہ رجحان ہر عمر کے طبقے میں دیکھا گیا ہے۔ بھارت میں ایک لاکھ کی آبادی میں سے 36 افراد خودکشی کرلیتے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ تناسب ایک لاکھ کی آبادی میں صرف سات ہے۔

جائزہ رپورٹ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ دنیا کے تقریباًہر ملک میں کسی نہ کسی صورت میں عدم توازن موجود ہے جس کی وجہ سے لوگ ذہنی انتشار کا شکارہیں اور یہی ذہنی کیفیت بسا اوقات خود کشی جیسے حتمی اقدام پر مجبور کر دیتی ہے اور جس کا منطقی انجام بہت بھیانک روپ میں سامنے آتا ہے۔

مزید خبریں :