02 نومبر ، 2015
کراچی........شکارپور سے بازیاب کی گئی کراچی کی تین بچیوں کے بعد کراچی سے لاپتہ ایک اور خاتون کا اسی وڈیرے کی قید میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ گھروالوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خاتون کی بازیابی کے لئے اقدامات کیے جائیں۔
محمود آباد کے نیاز حسین نے ایک سال کے دوران اپنی بیوی کے لاپتہ ہونے کی درخواستیں ایڈشنل آئی جی کراچی کے دفتر سے لے کر ہر سطح پر دیں۔ ضمیرا بی بی کی تلاش کے دوران نیاز حسین کو امید کی ایک کرن نظر آئی ہے۔
چند روز پہلے شکارپور میں وڈیرے کی قید سے بازیاب کرائی گئی تین بچیوں نے ضمیرا بی بی کی تصویر دیکھ کر انکشاف کیا کہ یہ خاتون بھی وڈیرے کی قید میں ہے۔محمود آباد کی رحمانی کالونی سے تین جولائی کو لاپتہ ہونے والی ضمیرا بی بی کی دو بیٹیاں ہیں جو انکی راہ تک رہی ہیں۔
تین بچیوں کو شکارپور سے بازیاب کرانے والے عزیز آباد تھانے کے انویسٹی گیشن آفیسر غلام علی سیال کا کہنا ہے تینوں بچیوں نے تصدیق کی کہ وڈیرے کے قید میں دیگر خواتین بھی ہیں۔نیاز حسین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس کی بیوی کی بازیابی کے لئے اقدامات کرے۔