پاکستان
17 جنوری ، 2016

پشاور:کپور حویلی قومی ورثہ، حکومت کا مالکان پر مقدمہ کے اندراج کا اعلان

پشاور:کپور حویلی قومی ورثہ، حکومت کا مالکان پر مقدمہ کے اندراج کا اعلان

پشاور ......بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے راج کپور کی جنم بھومی کپور حویلی پشاورکو مسمار کرنے کا عمل پولیس نے روک دیا،دوسری جانب حکومت نے قومی ورثے کو مسمار کرنے پرمالکان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے قریب ڈھکی منور شاہ پر واقع ’کپور حویلی ‘ قومی ورثہ قرار دی گئی تھی، تاریخی حویلی کے مالکان نےاسے اچانک مسمارکرنے کا سلسلہ شروع کردیا،بالائی منزل کی چھت جب گرادی گئی تو پولیس متحرک ہو گئی، پولیس نے نہ صرف حویلی کی مسماری کا کام روک دیا بلکہ4 مزدورں کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ کی ہدایت پر حویلی گرانے کا کام بند کرایا گیا۔

حویلی مالکان کا کہناتھا کہ ٹاون انتظامیہ کی جانب سے بوسیدہ عمارت گرنے کے اندیشے کا نوٹس ملنے کے بعد حویلی کو مسمار کیا جا رہا تھا، راج کپورنے اسی حویلی میں آنکھ کھولی،شمی کپور اور ششی کپور بھی خاندانی حویلی دیکھ چکے ہیںجبکہ بھارتی فلم نگری کے مقبول ہیرو زنبیر کپور بھی آباو اجداد کی جنم بھومی کو دیکھنے کےخواہش مند ہیں۔

سیکریڑی آثار قدیمہ و ثقافت اعظم خان نے حویلی کو گرانے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ،خیبر پختونخوا حکومت نے کپور حویلی کو قومی ورثہ قرار دیا تھا مگر اس تاریخی عمارت کو محفوظ بنانے کیلئے کوئی کام نہیں کیاگیا۔

مزید خبریں :