17 جنوری ، 2016
کراچی......پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان عابد غازی طویل علالت کے بعد کسمپرسی کی حالت میں انتقال کر گئے۔ مرحوم نے 5 سال تک قومی ٹیم کی قیادت کی ۔ عابد غازی 81 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔
مرحوم نے 1967ءسے 1972ءتک قومی ٹیم کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ برصغیر پاک و ہند کی معروف ٹیم ڈھاکہ محمڈن کی بھی نمائندگی کی جبکہ ایک سال کے لئے کولکتہ محمڈن کی جانب سے لیگ میں بھی حصہ لیا۔ سقوط ڈھاکہ کے وقت مرحوم عابد غازی اور ان کے چھوٹے بھائی موسیٰ غازی کو انڈین آرمی نے گرفتار کر کے جنگی قیدی بنا لیا تھا۔
مرحوم کی نماز جنازہ جامع مسجد کیماڑی میں ادا کی گئی اور تدفین میوہ شاہ قبرستان میں عمل میں آئی۔مرحوم نے بیوہ اور 2 صاحبزادے سوگوار چھوڑے ہیں۔ جبکہ ان کے چھوٹے بھائی موسیٰ غازی نے بھی پاکستانی ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل کیا۔ موسیٰ غازی کا 15 سال قبل انتقال ہوا تھا۔