23 فروری ، 2016
کراچی ........رینجرز نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ سے کی جانے والی تفتیش کی روشنی میں سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کرلیا ۔
ذرائع نے جیو نیو نیوز کو بتایا کہ عزیر بلوچ نے رینجرز کی حراست میں جن سیاستدانوں کے بارے میں انکشافات کئے ہیں ان میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی شامل ہیں۔ رینجرز نے عزیر بلوچ کے بیان کی روشنی میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو طلب کرلیا ہے۔
لیاری گینگ وار کے سرغنہ اور درجنوں افراد کے قتل اور اغوا کے الزام میں ملوث عزیر جان بلوچ نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات بھی کیے ہیں۔
ماضی میں ذوالفقار مرزا کئی مرتبہ عزیر بلوچ کی مدد کا اعتراف کرچکے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عزیر بلوچ کی نشاندہی پر ایک دو روز میں سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔