11 مارچ ، 2016
اسلام آباد…سندھ کی اعلیٰ سیاسی شخصیت کے قریبی ساتھی نثار مورائی کو اسلام آباد سے گرفتارکرلیا گیا،وہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں گھپلوں اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات میں نیب کو مطلوب تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے اسلام آباد سے نثار مورائی کوگرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ نثارمورائی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین ہیں اور سندھ کی اعلیٰ شخصیات کے انتہائی پراعتماد اور قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔
ذرائع دعویٰ کرتےہیں کہ نثار مورائی ماہانہ بنیادوں پر اعلیٰ شخصیات کورقم پہنچاتے تھے جبکہ وہ 80 کروڑ روپے سے زائد رقم کینیڈا منتقل کرچکے ہیں۔ ان پر نیب میں فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں گھپلے، غبن، منی لانڈرنگ اور سب سے خطرناک دہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزامات تھے، جن کی تفتیش کی جارہی ہے۔
نیب ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ فشریز سے 35 کروڑ روپے ماہانہ کماتے تھے۔ بعض حلقےلیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کی گرفتاری کے بعد نثار مورائی کی گرفتاری کو نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ریکارڈ کے مطابق وہاں ساڑھے چھ سو سے زائد ملازمین تھے جبکہ جانچ پڑتال میں 300سے زائد ملازمین کی موجودگی ظاہر نہیں ہوتی۔ ان ملازمین کی تنخواہیں اور الاؤنسز کے نام پر کروڑوں روپے لیے جاتے رہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملکی اور غیرملکی کمپنیوں سے رشوت اور بھتےکی مد میں کروڑوں روپے وصول کرکے کرپٹ افسران کو پہنچانے والے ٹھیکیداروں کا بھی پتہ لگایا ہے اور کچھ ریکارڈ بھی تحویل میں لیا تھا۔