07 جون ، 2012
ممبئی …بالی ووڈ کی نامور اداکارہ شلپا شیٹی 8جون کواپنی37ویں سالگرہ منائینگی۔8جون 1975کو ریاست کرناٹکا کے شہر مینگلور میں پیدا ہونے والی شلپا شیٹی نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز1991میں16سال کی عمر میں ماڈلنگ سے کیا۔1993میں فلم "بازیگر"میں معاون اداکارہ کی حیثیت سے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والی شلپا شیٹی کو پہلا مرکزی کردار1994میں فلم" آگ" میں حاصل ہوا جو باکس آفس پر اوسط درجے کا بزنس کرسکی۔اسکے بعد شلپا نے "میں کھلاڑی تو اناڑی"،"آؤ پیار کریں"،"اوزار"،"پردیسی بابو"،"دھڑکن" اور" رشتے "سے بالی ووڈ میں بحیثیت اداکارہ خود کو تسلیم کروایا۔2007میں برطانوی رئیلٹی شو بگ برادر میں شرکت کرنے والی شلپا کو وہاں دیگر شرکاء کے درمیان نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث انکی شہرت میں اضافہ ہوا اور وہ بگ برادرواضح فرق کیساتھ جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔اسکے بعد شلپا شیٹی کی دو فلمیں" "Life in a Metroاور "اپنے "ریلیز ہوئیں جنہوں نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا اور ناقدین نے بھی شلپا کی کارگردگی کو پسندیدگی کی سند بخشی۔بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے کئی ایوارڈز جیتنے والی شلپا نومبر2009میں بھارتی بزنس مین راج کندرا کیساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔اپنے شوہر راج کندرا کیساتھ آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائل کے مالکانہ حقوق رکھنے والی شلپا گذشتہ ماہ ایک بیٹے کی ماں بنی ہیں جنہیں انہوں نے ویان راج کندرا کا نام دیا ہے۔