03 جون ، 2016
بجٹ میں وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن 10 فیصد بڑھا دی گئی۔ دو ایڈہاک ریلیف بھی بنیادی تنخواہ کا حصہ بنا دیے گئےہیں۔
85 سال سے زائد عمر کے پنشنرز کی پنشن 25 فیصد بڑھے گی۔ مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 13 ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار روپے کر دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں ملازمین کی تنخواہ اور پنشن بڑھانے کا اعلان کیا۔ وفاقی ملازمین کو2013 ءاور 2014ء میں دیے گئے 2 ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں شامل کر دیے گئے ہیں ۔
اب جو نئی موجودہ بنیادی تنخواہ بنے گی، اس پر یکم جولائی 2016 ءسے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا۔ ایم فل الاؤنس کر دیا گیا ہے ڈھائی ہزار روپے روپے ،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور ڈیپوٹیشن الاؤنس کی بالائی حد 6ہزار سے بڑھا کر 12ہزار روپے کردی گئی ہے۔
کرنٹ چارج کی خصوصی تنخواہ کی بالائی حد6 ہزار سے بڑھا کر 12 ہزار روپے ماہانہ کردی گئی ہے جبکہ کوالی فکیشن پے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ایل ڈی سی کی پوسٹ گریڈ 7 سے اپ گریڈ کرکے گریڈ 9 کی جا رہی ہے،یو ڈی سی کی پوسٹ گریڈ 9 سے گریڈ 11 ،اسسٹنٹ کی پوسٹ گریڈ 14 سے گریڈ 16 میں اپ گریڈ کی جارہی ہے،اسسٹنٹ انچارج کی پوسٹ گریڈ 15 سے گریڈ 16 ہو جائے گی،گریڈ 1سے 15کے وفاقی ملازمین کا دفتری اوقات کے بعد کام پر کنوینس الاؤنس 50فیصد بڑھایا جا رہا ہے۔
معذور افراد کا خصوصی کنوینس الاؤنس کو بڑھا کر ایک ہزار روپے، قاصد،نائب قاصداور دفتری کا متفرق الاؤنس 300 سے بڑھا کر 450 روپے کیا جائے گا۔
وفاقی ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ، 85 سال سے زائد عمر کے افراد کی پنشن میں 25 فیصد اضافہ،سابق مشرقی پاکستان کے پینشنرز کی اعزازی پنشن 2 ہزار سے بڑھا کر6 ہزار کرنے کا اعلان،سابق مشرقی پاکستان کے پینشنرز کے خاندان کی پنشن 1ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 4 ہزار روپے کی جا رہی ہے۔
فاٹا، پاٹا اور بلوچستان وفاقی لیوی فورس کا رسک الاؤنس ایک ماہ کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر کرنے کا اعلان کر دیا گیا، یہ رسک الاؤنس 2008ء کے پے اسکیل کے مطابق ہوگا۔
پاک فوج کے افسران کی سول ذمہ داریوں کے لیے لباس کی مد میں الاؤنس 800 روپے سے بڑھا کر ڈھائی ہزار روپے کر دیا گیا ہے،واپس فوج میں تعیناتی پر یہ الاؤنس 500 سے بڑھا کر 2ہزار کرنے کااعلان کیا گیا ہے۔