12 جون ، 2016
پشاور پولیس نے گذشتہ چھ دنوں میں غیرقانونی طور پر مقیم 258 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئیں۔
ایس ایس پی آپریشنز عباس مجید مروت نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس نے چھ دنوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم258افغان مہاجرین کو گرفتار کیاہے۔
سٹی کینٹ اور رورل سرکل سے 58اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیاگیا۔پولیس کے مطابق رات گئے ہشت نگری اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا جس میں 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیااور 4 افراد کو کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
گرفتار افراد سے کلاشنکوف، پستول، کارتوس اور منشیات برآمد کئے گئے ۔