18 جون ، 2016
ایدھی ہوم گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوارہا ہے، اسلام آباد میں 3 بچوں کے ورثاء کی تلاش شروع کی تو لگن نے عید گھر والوں کے ساتھ منانے کے سپنے بھی بُن لیے، مگر لگن کی ملن کی آس پوری ہونے میں شاید کچھ دیر ہے۔
لگن مسیح کے دل میں دل میں عید گھر والوں کے ساتھ منانے کی خواہش ہے ،ایدھی ہوم کی ٹیم جڑواں بھائیوں لگن اور ساغر کو والدین سے ملوانے نکلی تو ساتھ تھا معشوق بھی، تینوں بچوں کی تو جیسے عید ہو گئی، ذہن میں کچھ نقوش، کچھ یادیں باقی ہیںاور انہی کے سہارے بچوں نے رہنمائی کی ۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے کئی چرچ بھی چھان مارے،لوگوں نے سر پر دست شفقت تو رکھا مگر والدین کا پتہ نہ بتا سکے، بچے معصومیت سے ایک دوسرے کی طرف دیکھتے رہے اور تھک ہار کے واپس ایدھی ہوم کا رخ کرنا پڑا، مگر ان کے والدین کی تلاش جاری ہے ،ایدھی ہوم نے درخواست کی ہے کہ کوئی بھی ان بچوں کے والدین کو جانتا ہے تو ضرور بتائے ۔