27 جون ، 2016
ماڈل ایان علی نےسپریم کورٹ میں وزارت داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے ۔ درخواست میں سیکرٹری،ایڈیشنل سیکرٹری چیئرمین ایف بی آر ڈی جی پاسپورٹ اور ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے عدالتی حکم کے بعد ایان علی نے نام نکال کر دوبارہ ڈال دیا، وزارت داخلہ حکام مسلسل عدالتی احکامات توہین کر رہے ہیں، وزارت داخلہ کے اس اقدام سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد مجروح ہوا ہے۔
عدالت نے ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا تو عدلیہ اپنا وقار کھو دے گی ،لوگ عدالتی فیصلوں کو محض کاغذ کے ٹکڑے سمجھیں گے ،عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے سے قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی متاثر ہوئی ہے۔
درخواست میں کہا گیاہے کہ اعجاز چوہدری قتل کی ایف آئی آر میں ایان علی نامزد نہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کے مرتکبین کو عدالتی حکم عدولی پر قرارواقعی سزا دی جائے۔