دنیا
01 جولائی ، 2016

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا

لاکھوں کروڑوں دِلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی 55 ویں سالگرہ آج یکم جولائی کومنائی جارہی ہے، دنیا بھر کے لوگ آج بھی دلوں کی شہزادی کے سحر میں ڈوبے ہوئے ہیں


یکم جولائی 1961کو نورفوک انگلینڈ میں جنم لینے والی شہزادی پیکر ڈیانا کی زندگی خوشیوں اور غم کا ملاپ تھی جو مسکرائیں تو ہزاروں دیکھنے والوں کے چہرے کھل اٹھتے اور جب روئیں تو ان کے چاہنے والے بھی ان کے ساتھ غمزدہ ہوگئے۔


کس کو معلوم تھا کہ برطانیہ کے قدامت پسند نظام میں پیدا ہونیوالی ڈیانا فرانسس اسپینسر ایک دن دنیا کی معروف اور مقبول ترین شخصیت بن جائیں گی، ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا اور پھر شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا۔


دو بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی اور وہ تخت و تاج کو مستقبل کے بادشاہ دینے میں کامیاب ہوگئیں، بظاہر سب صحیح لگ رہا تھا لیکن شہزادی ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائی۔


پہلے تو شہزادہ چارلس کی بے وفائی نے ڈیانا کا دل توڑا اور پھر ڈیانا نے خود بھی بے وفائی کر ڈالی، ڈیانا اور چارلس کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقابت دار آئے۔


ڈیانا نے برطانوی نشریاتی ادارے( بی بی سی) کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں ناکام ازدواجی زندگی کا اعتراف بھی کیا، لیڈی ڈیانا نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا اور کبھی بارودی سرنگوں کا معاملہ اٹھایا تو کبھی ایڈز کے خاتمے پر لب کشائی کی۔


ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کیلئے سب سے بڑی خبر بن گئی جب اکتیس اگست 1997 کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کیساتھ روانہ ہوئی تو ایک بار پھر میڈیا کی زد میں تھیں، سفر شروع تو ہوا لیکن ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکی جن کی گاڑی خطرناک حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔


حادثے میں شہزادی کیساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے، پریوں کی شہزادی کی یہ داستان اپنے پیچھے کئی سوال چھوڑ گئی جن کے جواب کا آج بھی ان کے چاہنے والوں کو انتظار ہے

مزید خبریں :