16 جولائی ، 2016
کراچی میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کارروائی کا آغاز،مختلف مقامات پر درجنوں کنکشنز کا خاتمہ کردیا گیا، سائٹ ایریا کے علاقے میں چوری کا پانی فراہم کرنے والی 20اور30انچ قطر کی لائنیں بھی پکڑی گئیں۔
کراچی میں پانی کے غیرقانونی کنکشن کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں درجنوں غیرقانونی کنکشنز ختم کردیئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیربلدیات کے حکم پر واٹر بورڈ حکام نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ناظم آباد میں کارروائی کی اور متعدد کنکشنز کاٹ دیے ۔
سائٹ ایریا کو چوری کا پانی فراہم کرنے والی 30 اور20 انچ قطر کی لائنیں بھی پکڑی گئیں، واٹر بورڈ حکام کے مطابق لائنوں کے ذریعے پانی چوری کرکے سائٹ ایریا کو فراہم کیاجاتا تھا۔
ناظم آباد میں کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی پمپنگ اسٹیشن بھی پکڑا گیا ہےجس سے یومیہ10ملین گیلن پانی چوری ہوتا تھا۔
صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ غیرقانونی کنکشنز کے باعث عوام کو پانی کےبحران کا سامنا کرنا پڑرہاہے، اس لئے غیرقانونی کنکشنز اور پانی چوری میں ملوث افراد کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائے گی۔