انٹرٹینمنٹ
18 جولائی ، 2016

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی سریلی آواز آج بھی زندہ

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی سریلی آواز آج بھی زندہ

 


شہنشاہ غزل مہدی حسن کی سریلی آواز آج بھی زندہ ہے اوران کے مداح آج ان کی 89 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔


گائیکی میں منفرد مقام رکھنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کے گانے اورغزلیں آج بھی مقبول ہیں، مہدی حسن نے 18 جولائی 1927 کو راجستھان کے ایک موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی تو کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ بچہ ایک روز آسمان موسیقی کے افق پرچاند بن کر چمکے گا۔


قیام پاکستان کے بعد مہدی حسن اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے،بچپن سے موسیقی کی تربیت حاصل کرنے والے مہدی حسن نے 1957 میں ریڈیو پاکستان سے سْرسنگیت کے سفر کا آغاز کیا۔لاتعداد کلاسیکی ونیم کلاسیکی گیت، فلمی نغمات اورغزلیں گائیں۔ غزل گائیکی میں انہیں ایسا کمال حاصل تھا کہ شہنشاہِ غزل کہلائے۔


ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں تمغہ حْسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سمیت متعدد ایوارڈز واعزازات سے نوازا گیا۔چارسال قبل 13جون کو مہدی حسن طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال سے موسیقی کی دنیا میں جو خلا پیدا ہوا وہ شاید کبھی پْر نہ ہو سکے لیکن ان کے گائے ہوئے رسیلے گیت اورسریلی غزلیں سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتی رہیں گی۔

مزید خبریں :