04 نومبر ، 2016
عمیر یاسر ... خیبرپختونخوا میں خناق کی وبا ءپھیلنے کے خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہنگامی بنیادوں پر عالمی مارکیٹ سے خناق کے علاج کی ویکسین خرید لی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں خناق کی وباء پھیلنے کا خطرہ ہے ۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خناق کے علاج کی ویکسین ڈائپی تھیریا انٹی ٹاکسن ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں یہ ویکسین دستیاب نہیں تھی۔
تاہم محکمہ صحت نے وفاقی حکومت سے اجازت لے کر یہ ویکسین عالمی مارکیٹ سے ہنگامی بنیادوں پر خرید لی ہے۔ محکمہ صحت نے خیبر پختونخوا کے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو خط لکھ کر خناق کی وباء پھیلنے کے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ خناق کے کیسز سامنے آنے کی صورت میں فوری رابطہ کیا جائے تاکہ متاثرہ بچوں کو ویکسین فراہم کرکے ان کی جانیں بچائی جا سکیں۔