پاکستان
05 نومبر ، 2016

پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودہ دھند جاری رہنے کا امکان

پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودہ دھند جاری رہنے کا امکان

 

آسیہ انصر...لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں آلودہ دھند کا سلسلہ آئندہ ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے، نومبر اور دسمبر میں بارشیں معمول سے کم ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیاہے کہ اسموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف کا کہنا ہے کہ موسم کروٹ لے چکا، سبزے کی جگہ زرد پتوں نے لے لی، لیکن اس بار موسم سرما کا آغاز غیر معمولی ہے،نومبر اور دسمبر میں بارشیں معمول سے کم ہو ں گی، مون سون میں بھی بارشیں معمول سے کم ہوئیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے اور فضائی آلودگی بڑھنے سے دھند اور دھوئیں کے مرکب یعنی اسموگ کا سامنا ہے،پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ آئندہ ہفتے بھی جاری رہے گا ۔

ڈائریکٹر موسمیات کے مطابق اس ماہ اور اگلے ماہ بارشیں معمول سے کم ہوں گی، جتنی اس کی شدت ہے پنجاب کے میدانی علاقوں میں یہ انسانی صحت کے لئے فائدہ مند نہیں اور یہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح اور شام کے اوقات میں فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ملتان، بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں اسموگ اور دھند پڑنے کا امکان ہے۔

دھند اور سموگ کے ذرات آنکھوں، گلے کی خرابی اور سانس لینے میں دشواری کاباعث بن سکتے ہیں، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا،تاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

 

مزید خبریں :