06 نومبر ، 2016
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران علامہ مرزا یوسف حسین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مرزایوسف حسین کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
بلدیہ کےعلاقے سعیدآباد میں پولیس کی کارروائی میں گرفتارملزم سےاسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ایس پی بلدیہ آصف رزاق کے مطابق گرفتار ملزم مختلف جرائم میں ملوث ہے۔
نیو کراچی میں بھی پولیس کی جانب سے کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کارروائی میں 3 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ اورنگی ٹاون10 نمبر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ گودھرا کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 35مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ واقعہ منشیات فروشوں کی آپس کی لڑائی کے باعث پیش آیا ہے۔
ادھر رضویہ سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے35 سالہ کامران کاظمی جاں بحق اور 56 سالہ انور کاظمی زخمی ہوگیا ہے۔ کورنگی کے ایئریا میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نہیں اور دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔ گودھرا کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد35 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔